پاکستان نے مختصر دوری تک مار کرنے والے ’نصر‘ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا

اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے خشکی سے خشکی تک مختصر فاصلے کے ہدف کو نشانہ بنا نے والے بیلسٹک میزائل ’نصر‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل روایتی اور ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نصر میزائل کی شارٹ رینج صلاحیت 60 سے بڑھا کر 70 کلو میٹر کردی گئی ہے۔ فوجی سربراہجنرل قمر جاوید باجوہ نے جومیزائل لانچنگ کے موقع پر موجود تھے یہ کہتے ہوئے کہ علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا ،اس پر بھی زور دیاکہ میزائلوں کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ جنگ کوئی متبادل نہیں ہے۔
انہوں نے اس موقع پر میزائل کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور انجنیئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پس پردہ رہ کر کام کرنے والے ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔ ان کا کہنا تھا نصر میزائل نے ہندوستان کے جنگی نظریے کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن پر ٹھنڈا پانی انڈیل دیا۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ جدید میزائل کے تجربہ سے پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’ملکی اسٹریٹجک اثاثے محفوظ ہیں، دفاعی اثاثوں کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’کھلے دل سے مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام کی حکومتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ ہماری صلاحیت کا مقصد جنگ نہیں بلکہ دفاع کو یقینی بنانا ہے۔

Title: pakistan test fires short range ballistic missile | In Category: سائنس  ( science )